Wednesday, May 8, 2024

امریکی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی کا رجحان ، ڈاؤ جونز 26ہزار680 پوائنٹس پر بند ہوئی

امریکی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی کا رجحان ، ڈاؤ جونز 26ہزار680 پوائنٹس پر بند ہوئی
July 21, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) امریکی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی کا رجحان  رہا، ڈاؤ جونز 9 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 26 ہزار680 پوائنٹس پربندہوئی۔

ایس اینڈ پی فائیوہنڈرڈ میں 27 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد  مارکیٹ 3251 پوائنٹس پر بند ہوئی۔

نیسڈک کمپوزٹ 263 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 10 ہزار767 پوائنٹس پربند ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے نے امریکا کو ممکنہ معاشی خدشات سے آگاہ  کیا تھا،  مالیاتی ادارے کے مطابق رواں برس امریکا کا جی ڈی پی 6.6 فیصد کم ہونےکے امکانات واضح ہیں جبکہ دوسری سہ ماہی کا جی ڈی پی 37 فیصد تک کم ہونے کے خدشات ہیں۔

عالمی مالیاتی ادارے  ( آئی ایم ایف ) کا کہنا ہے کہ اس معاشی بحران کا سب سے زیادہ نقصان غریب طبقے کوبرداشت کرنا پڑے گا۔ جی ڈی پی میں کمی کے باعث امریکی حکوت کی جانب سے کورونا سے متاثرہ خاندانوں کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں میں بھی کمی واقع ہوگی۔  

کورونا وائرس کی وبا نے امریکا میں موجود طبی سہولیات کوبھی بے نقاب کردیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا میں میڈیکل کیئر کا نظام کچھ ایسا ہے کہ جس سے کم آمدنی والے خاندان پوری طرح مستفید نہیں ہو سکتے۔

 کورونا کی وبا نے مزدور پیشہ افراد کا گزر بسرمشکل کر دیا ہے اوربےروزگاری کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب امریکی فیڈرل ریزرو کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے مگر یہ کورونا وائرس سے پہلے ہونے والی معاشی سرگرمیوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ ماہرمعاشیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا ایک بڑے معاشی بحران کا شکارہونے والا ہے اور یہ بحران 2008 کے معاشی بحران سے کہیں زیادہ سنگین ہو سکتا ہے۔