Friday, March 29, 2024

امریکی ارکان سینیٹ پیٹریاٹ ایکٹ میں اصلاحات پر متفق، امریکی شہریوں کی کالز ٹیپ کرنے کے قانون کی میعاد ختم

امریکی ارکان سینیٹ پیٹریاٹ ایکٹ میں اصلاحات پر متفق، امریکی شہریوں کی کالز ٹیپ کرنے کے قانون کی میعاد ختم
June 1, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی ارکان سینیٹ پیٹریاٹ ایکٹ میں اصلاحات پر متفق ہو گئے ہیں لیکن اس پر بحث اور رائے شماری سے پہلے ہی امریکی شہریوں کی فون کالز ریکارڈکرنے کے متنازعہ پروگرام کی میعاد ختم ہو گئی ہے۔ امریکی سینیٹ میں اس بات پر بحث جاری تھی کہ آیا جاسوس ایجنسیوں کی طرف سے امریکیوں کی فون کالز کا ڈیٹا جمع کرنے کا پروگرام جاری رکھا جائے یا اس کی بجائے اس میں اصلاحات کر کے محدود کر دیا جائے۔ سینیٹرز کی رائے تھی کہ اس پر بحث کی جائے۔ ستتر ارکان نے بل پر نظرثانی کیلئے مزید بحث کرانے کے حق میں ووٹ دیا جبکہ سترہ نے مخالفت کی لیکن فریڈم ایکٹ پر ایوان میں بحث شروع بھی نہ ہونے پائی تھی کہ بل کی میعاد ختم ہو گئی۔ اس پروگرام کی سب سے زیادہ مخالفت امریکی صدارتی انتخاب کیلئے گرینڈ اولڈ پارٹی کی نامزدگی کے امیدوار پال رینڈ نے کی اور انہوں نے بل میں توسیع کی راہ روکے رکھی۔ اب سینیٹ کو فریڈم ایکٹ میں توسیع کیلئے کم از کم ایک ہفتہ انتظار کرنا پڑے گا۔ پال رینڈ نے تسلیم کیا کہ آخرکار بل نے پاس ہونا ہی ہے، اب قانون کی تین اہم شقوں میں تبدیلی کی جائیگی۔ قانون پرسابق امریکی صدر جارج ڈبلیوبش نے 11ستمبر 2001ءکو دستخط کئے تھے۔