Friday, May 17, 2024

امریکی اراکین کانگریس نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا

امریکی اراکین کانگریس نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا
September 14, 2019
واشنگٹن (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم نے امریکی سیاست دانوں میں بے چینی پیدا کر دی، امریکی اراکین کانگریس نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا۔ 9امریکی اراکین کانگریس نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے بھارت فوری طور پر لاک ڈاون ختم کرے اور مواصلاتی نظام بحال کرے۔ امریکا کے7 اراکین کانگریس جن میں الہان عمر، رول گریجلوا، اینڈی لِیون، جیمز میکگورن، ٹیڈ لیو، ایلن لووینتھل اور ڈونلڈ بیئر جونیر شامل ہیں، امریکا کے پاکستان اور بھارت میں موجود سفیروں کے نام خط لکھ ڈالا۔ خط میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا بھی اظہار کیا ۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بندش کو ایک ماہ سے زائد وقت ہو گیا ہے، جو ایک بدنما داغ ہے اور جمہوری و انسانی حقوق کے معیارات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ خط میں جینوسائڈ واچ کے کشمیر کے حوالے سے الرٹ پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکی حکام سے پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو بھی کہا گیا ۔ خط میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دے اور گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کرے۔ امریکی خاتون رکن کانگریس راشدہ طلیب نے بھی اپنے بیان میں بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کی شدید مذمت کی ہے۔ راشدہ طلیب کا کہنا ہے بھارت کے ناقابل قبول اقدامات نے کشمیریوں سے ان کا انسانی وقار چھینا ہے۔ دوسری جانب امریکی رکن کانگریس بریڈ شیرمن نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے جنوبی ایشیاء میں انسانی حقوق کی صورتحال پر جلد ہی سب کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں مقبوضہ کشمیر میں مواصلات اور انسانی حقوق کی بحالی پر بات کی جائے گی۔