Tuesday, April 16, 2024

امریکی اداکارہ نے ٹرمپ پر جنسی زیادتی کا الزام لگا دیا

امریکی اداکارہ نے ٹرمپ پر جنسی زیادتی کا الزام لگا دیا
January 18, 2017

واشنگٹن (ویب ڈیسک) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نئی مشکل میں پھنس گئے۔ امریکی ریالٹی شو کی سابق اداکارہ سمرزیرووس کا ٹرمپ پر ہراساں کرنے کا الزام، ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا۔ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے میں دو روز باقی رہ گئے ہیں اور ایسے میں ان کا ایک نیا سکینڈل سامنے آ گیا ہے جس میں ایک خاتون نے ان پر جنسی زیادتی کا الزام لگاتے ہوئے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ سے جڑے تنازعات میں ایک اور تنازعے کا اضافہ اس وقت ہوا جب امریکی ریالٹی شو اپرنٹس میں کام کرنے والی ایک سابقہ اداکارہ سمر زیرووس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ دو ہزار سات میں وہ نوکری حاصل کرنے کیلئے لاس اینجلس کے ایک ہوٹل میں ٹرمپ سے ملنے گئی تھیں جہاں ٹرمپ نے ان سے جنسی زیادتی کی۔

سمر زیرووس کا کہنا تھا کہ ٹرمپ جھوٹے اور خواتین کے دشمن ہیں۔ انھوں نے مجھے بےعزت کیا اور پھر اس بارے مسلسل قوم سے جھوٹ بولا۔ سمر زیرووس کے مطابق انکے مسلسل مطالبے کے باوجود ٹرمپ نے ان سے معافی نہیں مانگی جس پر انہیں عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنا پڑا۔

نومنتخب صدر نے سمر زیرووس کے دعوے کو جھوٹا اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ لڑنے کااعلان  کیا تھا تاہم اس کے بعد انہوں نے زیرووس سمیت خود پر الزام لگانے والی کسی عورت پر مقدمہ نہیں کیا۔