Thursday, April 25, 2024

امریکہ ہمارا آقا نہیں‘ نواز شریف بھٹو بن کر پاکستان کا کیس لڑیں: اپوزیشن لیڈر

امریکہ ہمارا آقا نہیں‘ نواز شریف بھٹو بن کر پاکستان کا کیس لڑیں: اپوزیشن لیڈر
October 19, 2015
سکھر (92نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھوکا اور کنگلا نہیں۔ اپنے وسائل استعمال کریں تو بھارت جیسے کئی ممالک چلاسکتے ہیں۔ بھارت کے خلاف ثبوت لے کر کیوں امریکہ جائیں‘ کیا وہ ہمارا آقا ہے۔. تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف امریکہ میں ملکی سلامتی اور خود مختاری پر بات کریں‘ بھارت کے خلاف ثبوت امریکہ کو دینے کی ضرورت نہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارے پاس بھارت سے زیادہ وسائل ہیں۔ نواز شریف ملک کے وزیراعظم ہیں‘ ان کو کچھ ہوا تو کرنے والے بھی نہیں رہیں گے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نواز شریف امریکہ میں بھٹو بن کر پاکستان کا کیس لڑیں۔ بھٹو نے عوام کی بات کی جس کی وجہ سے آج بھی وہ زندہ ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہم چار سو ارب دیتے تو کرپشن کے الزامات لگتے‘ حکمران راستے ضرور بنائیں مگر ہر راستہ تخت لاہور کی طرف نہ جائے۔