Friday, March 29, 2024

امریکہ کو جھٹکا، کینیڈین وزیراعظم نے افغانستان سے جنگی طیارے واپس بلانے کا اعلان کر دیا

امریکہ کو جھٹکا، کینیڈین وزیراعظم نے افغانستان سے جنگی طیارے واپس بلانے کا اعلان کر دیا
October 21, 2015
ٹورنٹو (ویب ڈیسک) کینیڈا میں لبرل پارٹی کا برسراقتدار آنا امریکہ کیلئے بری خبر بن گیا ہے کیونکہ نومنتخب وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی پہلی ہی پریس کانفرنس میں افغانستان سے جنگی طیارے واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹروڈو نے انتخابی کامیابی کے اگلے ہی روز اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا وہ فتح کا جشن منا سکتے ہیں لیکن حقیقی کام اب شروع ہو گا، کینیڈین شہریوں کے ایما پر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کینیڈا عالمی سٹیج پرواپس آ گیا ہے۔ انہوں نے اپنی پہلی کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہوں نے اوباما پر واضح کر دیا ہے کہ کینیڈا افغانستان سے جنگی طیارے نکال لے گا کیونکہ یہ انکی جماعت کا انتخابی وعدہ تھا۔ انہوں نے عراق اور شام میں داعش کیخلاف آپریشن سے الگ ہونے اور ایران کے ساتھ دوبارہ تعلقات استوار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ شام کے 25ہزار تارکین وطن کو کینیڈا لانے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ انہوں نے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے تالیوں کی گونج میں کہا لبرل پارٹی کی فتح مثبت سیاست، رجائیت پسندانہ سوچ اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ٹروڈو نے کہا وہ بہتر حکومت بنائیں گے جو مستقبل کیلئے سرمایہ کاری کریگی۔