Friday, April 19, 2024

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ مسترد

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی  میں  بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ مسترد
December 21, 2017

نیو یارک ( 92 نیوز ) بیت المقدس کو اسرائیل کا دار الحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے مسترد کردیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں یمن نےا مریکی فیصلے کیخلاف قرار داد پیش کی تھی ۔ جس کے بعد قرار داد پر ووٹنگ کرائی گئی ۔

قرارداد کے حق میں 128 اور مخالفت میں 9 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 35 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا ۔


پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو بتانا چاہتے ہیں کہ دنیا برائے فروخت نہیں ہے ۔ امریکہ کا فیصلہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔
ملیحہ لودھی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان مکمل طور پر فلسطینی بھائیوں کی حمایت کرتا ہے اور امریکہ کے فیصلے کو مسترد کرتا ہے۔ امریکہ کا یکطرفہ اقدام امن کی کوششوں کو تباہ کر دے گا۔ فلسطین کے معاملے پر کوئی بھی دوسرا پلان قابل قبول نہیں ہو گا۔
فلسطین کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب میں کہا ہے کہ ہمیں دھمکایا نہیں جا سکتا۔ ٹرمپ کے فیصلے کے بعد امریکہ ثالثی کی حیثیت کھو چکا ہے۔