Friday, April 26, 2024

امریکہ چین کا راستہ روکنے کیلئے انڈیا سے تعاون کر رہا ہے: مشیرخارجہ

امریکہ چین کا راستہ روکنے کیلئے انڈیا سے تعاون کر رہا ہے: مشیرخارجہ
September 1, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے اس تاثر کو مسترد کردیا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو رہا ہے۔ کہتے ہیں امریکی پالیسی کا مقصد چین کے بڑھتے ہوئے اثر کو روکنا ہے اور بھارت اس پالیسی میں زیادہ فٹ ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے بھارت اور امریکہ میں تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرتاج عزیز نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جس طرح کی نئی صف بندیاں ہو رہی ہیں پاکستان اس میں صحیح مقام پر کھڑا ہے۔ کشمیر کا مسئلہ دنیا نے نہیں بلکہ کشمیریوں نے حل کرنا ہے۔ جو لوگ ایک دفعہ خون دینے کے لیے تیار ہو جائیں ان کو کوئی نہیں دبا سکتا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ امریکی پالیسی کا مقصد چین کے بڑھتے ہوئے اثر کو روکنا ہے اور بھارت اس پالیسی میں زیادہ فٹ ہوتا ہے اور اسی وجہ سے بھارت اور امریکہ میں تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے بھارت میں دہشت گردی کے حوالے سے بیانات کے بارے میں سرتاج عزیز نے کہا جب وہ وہاں ہوں گے تو کچھ اور بیان دیں گے جب یہاں ہوں گے تو ان کا بیان کچھ اور ہوگا۔ پاکستان نے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان میں حقانی نیٹ ورک سمیت تمام گروپوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی ہے اور جماعت الدعوة کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نافذ کیا جا رہا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر مایوسی ضرور ہوئی ہے کہ امریکہ سمیت دنیا نے کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرنے کی بجائے اس پر صرف تشویش کا اظہار کیا ہے۔