Tuesday, April 30, 2024

امریکہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں سے خوفزدہ، پیداواری صلاحیت کی خریداری محدود کرنا چاہتا ہے: نیویارک ٹائمز

امریکہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں سے خوفزدہ، پیداواری صلاحیت کی خریداری محدود کرنا چاہتا ہے: نیویارک ٹائمز
October 16, 2015
لاہور (ویب ڈیسک) امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن وزیراعظم نوازشریف کے دورے کے دوران ایسے معاہدے کی تلاش میں ہے جس کے تحت پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کی پیداواری صلاحیت اور چھوٹے اسلحے کی خریداری کو محدود کیا جا سکے۔ امریکا پاکستان کے بڑھتے ہوئے جوہری ہتھیاروں سے خوفزدہ ہے۔ واشنگٹن پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو محدود کرنا چاہتا ہے۔ اخبار نیویارک ٹائمزمیں صحافی ڈیوئیڈ اے سینگر کے مضمون میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکام وزیراعظم نوازشریف کے آئندہ ہفتے دورے سے پہلے سر جوڑ کر بیٹھے ہیں کہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے جوہری ہتھیاروں کو کیسے کم کیا جائے اور اسے محدود کرنے کے لئے اسلام آباد کو کسی معاہدے کا پابند بنایا جائے۔ امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ سرد جنگ کے دوران سوویت یونین کا حملہ روکنے کے لیے امریکا نے جس طرز کے ایٹمی ہتھیار یورپ میں نصب کئے تھے پاکستان بھی اسی قسم کے چھوٹے ایٹمی ہتھیار حاصل کر رہا ہے جو تشویشناک ہے۔ امریکی حکام کے مطابق پاکستان جیسے ملک کے لیے چھوٹے ہتھیاروں کو بڑے ہتھیاروں کے مقابلے میں محفوظ رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کی تو نیوکلئیر سپلائرگروپ کے تحت پاکستان کو ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق قوانین میں نرمی کی جائے گی جبکہ رپورٹ میں پاک امریکا سول نیوکلئیر معاہدے کا ذکر نہیں کیا گیا۔ ادھر وائٹ ہاؤس حکام نے وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا کے دوران ایٹمی اسلحہ کو محدود کرنے سے متعلق کسی موضوع پر بات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔