Sunday, May 19, 2024

امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے دوطرفہ مذاکرات کا حامی ہے

امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے دوطرفہ مذاکرات کا حامی ہے
August 24, 2017

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کو مل بیٹھ کر بات چیت کرنے پر زور دیا ہے۔ کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر امریکی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ترجمان نے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پاکستان سے ایک دفعہ پھر ڈو مور کا مطالبہ کردیا

امریکی محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ میں رپورٹرز نے پاکستان،بھارت،کشمیر اور افغانستان سے متعلق سوالات کئے جن کے جواب دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدرنوئرٹ نے کہا کہ امریکا یہ چاہتا ہے پاکستان اور بھارت مذاکرات کی میز پر بیٹھیں اور مسائل بات چیت کے ذریعے حل کریں۔کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان اور بھارت کو بات کرنے کی ضرورت ہے۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر ایشو پر امریکا کی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔پاکستان اور بھارت کے براہ راست مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرینگے۔

رپورٹر کے اس سوال پر کہ کیا امریکا کشمیر کے مسئلے کو پاکستان اور افغانستان کے مسئلے کے ساتھ جوڑ رہا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان ایک علاقائی مسئلہ ہے۔جس میں انڈیا اور پاکستان کا بھی کردار ہے۔افغانستان میں قیام امن کیلئے علاقے کی ان تمام قوتوں کو اکٹھا کرنا انکی پالیسی ہے۔تاکہ وہاں کوئی بھی دہشتگرد گروپ دوبارہ قدم نہ جما سکے اور دوسرے ملکوں پر حملے نہ کر سکے۔

پاکستان کی جانب سے افغان سرحد پر باڑ لگانے  کے سوال پر ترجمان نے کہا کہ اس معاملے پر امریکا کی پاکستانی حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی۔وہ دونوں ملکوں میں عملی تعاون کیلئے کام جاری رکھیں گے۔۔ترجمان نے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پاکستان سے ایک دفعہ پھر ڈو مور کا مطالبہ کیا۔