Friday, April 26, 2024

امریکہ نے پاکستان کو آٹھ ایف 16 طیارے دینے پر غور شروع کر دیا

امریکہ نے پاکستان کو آٹھ ایف 16 طیارے دینے پر غور شروع کر دیا
October 22, 2015
نیویارک (92نیوز) امریکہ نے پاکستان کو مزید آٹھ ایف سولہ طیاروں کی فروخت پر غور شروع کر دیا ہے۔ اوبامہ انتظامیہ کے مطابق فیصلے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ اس فیصلے سے یہ ثابت ہو گیا کہ پاکستان اب بھی امریکہ کا سٹریٹیجک اتحادی ہے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اوبامہ انتظامیہ نے پاکستان کو آٹھ ایف سولہ طیارے فروخت کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ سینئر امریکی حکام کے مطابق صدر اوبامہ نے پاکستان کے جوہری پروگرام پر تحفظات کے باوجود معاملے پر غور کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ واضح نہیں کہ طیاروں کی فروخت کا اعلان وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کے دوران ہی ہوگا یا بعد میں تاہم سینئر امریکی حکام نے کہا ہے کہ طیاروں کی فروخت سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہوگا جبکہ پاک فضائیہ کے پاس چینی اور روسی ساختہ طیارے بھی موجود ہیں۔ دوسری جانب امریکی تھنک ٹینکس نے طیاروں کی فروخت کو پاک امریکہ مثبت سٹریٹیجک شراکت داری سے تعبیر کیا ہے۔