Friday, May 3, 2024

امریکہ نے مفاد کی جنگ تھوپی،130 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ، خورشید شاہ

امریکہ نے مفاد کی جنگ تھوپی،130 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ، خورشید شاہ
January 2, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خور شید شاہ نے امریکی صدرکے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اپنے مفاد کی جنگ ہم پر تھوپی اور پاکستان کو ایک سو تیس ارب ڈالر سے بھی زیادہ کا نقصان ہوا۔
اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان حقائق کے منافی اور ناپختہ سیاسی سوچ کا مظہر ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ افغان جنگ اور نائن الیون کے بعد پاکستان کو امریکی مفادات کی جنگوں میں گھسیٹا گیا جن سے بے پناہ مالی اور جانی نقصان اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کو لالی پاپ اور مونگ پھلی دے کر بہلایا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ملکی سلامتی اور وقار کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بار بار اصرار کے باوجود حکومت نے وزیر خارجہ مقرر نہیں کیا تھا جس سے ہم خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار ہو گئے۔