Sunday, September 8, 2024

امریکہ میں نسلی فسادات شروع ہونے کا خطرہ‘ ٹرمپ کی ریلی منسوخ

امریکہ میں نسلی فسادات شروع ہونے کا خطرہ‘ ٹرمپ کی ریلی منسوخ
March 12, 2016
سینٹ لوئس (ویب ڈیسک) متنازع بیان دینے والے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مشکل میں پڑ گئے۔ سینٹ لوئس میں ڈونلد ٹرمپ کی ریلی کے موقع پر ان کے سفید فام حامیوں اور سیاہ فام مخالفین میں شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد شکاگو میں نسلی فسادات شروع ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا جبکہ ٹرمپ کو شکاگو میں ریلی منسوخ کرنا پڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب ٹرمپ کے سینٹ لوئس میں اجتماع کے موقع پر ان کے مخالفوں نے امریکی پرچم کی توہین کی اورپرچم زمین پر بچھا کر اس پر چڑھ گئے اور ٹرمپ کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے جس پر ٹرمپ کے حامیوں نے ان پر دھاوا بول دیا اور کئی افراد کو زخمی کر دیا۔ اس موقع پر ٹرمپ کے حامی مخالفین کو چیلنج کرتے رہے لیکن پولیس فریقین کے درمیان دیوار بن کر کھڑی رہی اور انہیں ایک دوسرے کے قریب آنے سے روکتی رہی۔ ٹرمپ کے مخالفین ہٹلر کا روپ دھار کر ٹرمپ کا تمسخر اڑاتے اور ٹرمپ مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے جس پر ٹرمپ کے حامی سفید فام سیاہ فاموں پر آوازے کستے رہے۔ یوں ٹرمپ کا جلسہ درہم برہم ہو گیا جس پر سفید فام افراد نے ایک سیاہ فام کو تشدد کا نشانہ بنایا۔