Sunday, September 8, 2024

امریکہ میں برفانی طوفان‘ 8 افراد ہلاک‘ کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ

امریکہ میں برفانی طوفان‘ 8 افراد ہلاک‘ کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ
January 23, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکہ کی کئی ریاستوں میں شدید برف باری اور خراب موسم سے حادثات کے باعث آٹھ افراد ہلاک‘ متعدد زخمی ہوگئے۔ واشنگٹن، فلاڈلفیا، میری لینڈ اور ورجینیا سمیت کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ چھے ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور اسکول بند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق واشنگٹن اور کیرولینا میں فضائی کمپنیوں کو ہائی الرٹ کے بعدچھ ہزار سے زائد پروازوں کو منسوخ کردیا گیا۔ فلاڈلفیا ائیرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز کی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ میسی سپی میں برفانی طوفان سے درخت اکھڑ گئے اور کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ امریکہ کی کئی ریاستیں ان دنوں برف باری کی لپیٹ میں ہیں۔ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سمیت کئی مقامات پر برف باری کے باعث اسکول بند ہیں۔ واشنگٹن کے مئیر نے پندرہ روز کے لئے ”ویدر ایمرجنسی“ لگا دی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے مشرقی علاقوں میں شدید برف باری کی پیشگوئی کر رکھی ہے جس سے کروڑوں افراد مشکلات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شدید برف باری اور تیز ہوا سے کئی علاقوں میں خطرناک صورت حال پیدا ہوسکتی ہے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو سکتی ہے جبکہ زمینی اور فضائی رابطے منقطع ہوسکتے ہیں۔ برف باری کی پیشگوئی کے باعث پینسلوینیا، نارتھ کیرولائنا، میری لینڈ اور ورجینیا میں بھی ہنگامی حالات کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ مختلف ریاستوں میں لوگوں نے کھانے پینے کی اشیاءذخیرہ کرنا شروع کردی ہیں جس سے اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہو گئی۔