Sunday, September 8, 2024

امریکہ سے جنوبی ایشیاء کی پالیسی پر اختلافات ہیں، تعلقات ختم نہیں کررہے: دفتر خارجہ

امریکہ سے جنوبی ایشیاء کی پالیسی پر اختلافات ہیں، تعلقات ختم نہیں کررہے: دفتر خارجہ
August 25, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکہ سے جنوبی ایشیاء کی پالیسی پر اختلافات ہیں۔ تعلقات ختم نہیں کررہے۔ خطے میں نیا اشتراک عمل جار ی ہے۔ وزیرخارجہ کا فی الحال امریکہ کا دورہ طے نہیں۔ پاکستان میں دہشتگردی کرانے والا بھارت خطے میں کیا امن لائے گا۔

پرامن افغانستان، پاکستان کے مکمل مفاد میں ہے۔ دہشتگردی ختم کرکے دم لیں گے۔ امریکہ کو افغانستان تک زمینی و فضائی راہداری فراہم کرنے میں پاکستان کا نقصان ہوا لیکن کبھی ازالے کی بات نہیں کی۔ یہ کہنا ہے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا جو میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دے رہے تھے۔

انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں سمیت اہم عالمی شخصیات نے شمالی و جنوبی وزیرستان کے دوروں کے دوران پاکستانی کاوشوں کا اعتراف کیا۔

نفیس زکریا نے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں ملوث بھارتی انتہاءپسندوں کی رہائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں افغان سرزمین سے بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ہے۔ ایسا ملک خطے میں امن کا ضامن نہیں ہوسکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیرخارجہ تاحال امریکہ کا دورہ نہیں کررہے۔ جلد علاقائی ممالک کا مشاورتی دورہ کرینگے۔ انہوں نے امریکی سفیر کی طلبی اور سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے منفی کردار پر گفتگو سے پرہیز کیا۔

کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے نفیس زکریا نے خطے کے امن کےلئے مسئلہ کشمیر کے جلد حل پر زور دیا۔