Friday, March 29, 2024

امریکہ سے تعلقات تسلی بخش اور درست سمت میں ہیں !!! وزیراعظم دورہ امریکہ کیلئے روانہ ہو گئے

امریکہ سے تعلقات تسلی بخش اور درست سمت میں ہیں !!! وزیراعظم دورہ امریکہ کیلئے روانہ ہو گئے
October 19, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف امریکہ کے دورے کیلئے اپنے وفد کے ہمراہ روانہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات تسلی بخش اور درست سمت میں گامزن ہیں۔ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں صف اول کا کردار ادا کیا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ نہ صرف خوشحالی بلکہ خطے میں امن کیلئے لڑ رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے دورہ امریکہ پرروانگی سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ پاکستان ذمہ دار جوہری ریاست ہے اور اس کی جوہری طاقت بیرونی جارحیت کیخلاف اور ملکی سلامتی کیلئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے اور تمام ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آپریشن میں کامیابی پاکستان کے عزم کی دلیل ہے۔ دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف امریکی صدر کی دعوت پر امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان کسی ڈیل پر کوئی بات نہیں ہوئی‘ امریکہ نے پاکستان سے کبھی کسی قسم کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔