Friday, April 26, 2024

امریکہ ، جنوبی کیلیفورنیا میں تیز بارشوں ، لینڈ سلائیڈنگ سے 13 افراد ہلاک

امریکہ ، جنوبی کیلیفورنیا میں تیز بارشوں ، لینڈ سلائیڈنگ سے 13 افراد ہلاک
January 10, 2018

کیلیفورنیا ( 92 نیوز ) امریکا میں قدرتی آفات نے تباہی مچادی  ۔ جنوبی کیلی فورنیا میں تیز بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے 13 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ۔محکمہ موسمیات نے شدید سردی سے دو چار شمالی ریاستوں میں مزید طوفان کی پیشگوئی کردی ہے ۔

جنوبی کیلی فورنیا کے علاقے سانٹا باربرا کاؤنٹی میں رات گئے  تیز بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے تباہی کی نئی داستانیں رقم کردیں  ۔

کئی نشیبی علاقے زیر آب آنے سے کاؤنٹی کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔ لینڈ سلائیڈنگ سے سب سے زیادہ مونٹی سیِٹو کا علاقہ متاثر ہوا جہاں متعدد مکانات منوں مٹی تلے دب گئے ۔

ریسکیو آپریشنز میں ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا جارہا ہے اور اب تک 50 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔

حکام کے مطابق متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔

دوسری جانب شمالی ریاستیں بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔ میساچوسس،ورمانٹ،کنیکٹی کٹ سمیت دیگر ریاستوں میں نظام زندگی بدستور مفلوج ہے ۔ملک بھر میں پانچ سو تیس فلائٹس منسوخ جبکہ چھ ہزار پانچ سو پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں  ۔

محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے آ ئندہ چند روز میں  نبراسکا ،جنوبی و شمالی ڈکوٹا،نبراسکا اور منی سوٹا میں برفانی طوفان کیساتھ ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔