Thursday, April 18, 2024

امریکہ بہادر تمہیں خوش کرنے کیلئے اپنی معیشت تباہ کرلی ،خواجہ آصف

امریکہ بہادر تمہیں خوش کرنے کیلئے اپنی معیشت تباہ کرلی ،خواجہ آصف
January 4, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکا بہادر!تمہیں خوش کرنے کیلئےاپنی معیشت تباہ کرلی ۔ ایک آمر نے ایک فون پر سرنڈر کردیا ۔ پاک وطن کو بارود اور خون سے نہلایا ۔ ہزاروں سویلین اور فوجی تمہاری جنگ کی بھینٹ چڑھ گئے ۔ افغانستان میں اسلحہ بارود ہماری گزرگاہوں سے گیا ۔ پھر بھی تم پوچھتے ہو پاکستان نے کیا کیا؟۔


وزیرخارجہ خواجہ آصف نے ٹویٹ میں کہا کہ تم پوچھتے ہو ہم نے کیا کیا؟ ۔ آپ کو خوش کرنے کیلئے کیا نہیں کیا؟۔ وطن کو بارود اور خون سے نہلایا، افغانستان پر اپنے اڈوں سے تمہارے 57ہزار 800 حملے ہوئے ۔ ہماری گزرگاہوں سے تمہارا اسلحہ، بارود گیا ۔ ہزاروں سویلین، فوجی، بریگیڈئیر، جنرل اور جواں سال لیفٹیننٹ آپ کی چھیڑی جنگ کی بھینٹ چڑھ گئے ۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری معیشت برباد ہوگئی لیکن خواہش تھی آپ راضی رہیں ۔ ہم نے لاکھوں ویزے پیش کئے بلیک واٹر کیلئے، ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک جگہ جگہ پھیل گئے ۔ ہمارے وقار پر اب سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اپنی ناکامی کا ملبہ ہماری دہلیز پر نہ رکھو ۔ ماضی امریکا پر اعتماد میں احتیاط کا سبق سکھاتا ہے ۔ اب وقار پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔