Friday, April 26, 2024

امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن حلف اٹھانے واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے

امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن حلف اٹھانے واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے
January 20, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) سپرپاور امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن حلف اٹھانے واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے۔

جوبائیڈن نے کورونا سے ہلاک چار لاکھ امریکیوں کی یادگار پر پھول چڑھائے اور عقیدت کا اظہار کیا۔ نائب صدر کمیلا ہیرس بھی ہمراہ تھیں۔ حلف برداری تقریب کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 9 بجے ہو گا۔ سابق صدور کلنٹن، بش اور اوباما بھی شرکت کریں گے۔ آج جوبائیڈن 46 ویں امریکی صدر کا حلف اٹھائیں گے۔

 ادھر امریکہ بھر میں جشن کی بجائے خوف کا راج قائم ہے۔ ٹرمپ کے حامیوں نے حملوں کی دھمکی دے رکھی ہے۔ امریکہ کی تمام ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

میری لینڈ، نیو میکسیکو اور یوٹاہ کے گورنروں نے ممکنہ مظاہروں سے قبل ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ کیلیفورنیا، پینسلوینیا، ورجینیا، واشنگٹن اور وسکانسن میں نیشنل گارڈ کے فوجی دستے متحرک ہو چکے ہیں جبکہ ٹیکساس میں ریاستی عمارتوں کو 20 جنوری تک بند رکھا جائے گا۔

جن ریاستوں میں صدارتی انتخابات کے دوران جو بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان کڑا مقابلہ دیکھا گیا تھا وہاں پُرتشدد واقعات ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔ ان ریاستوں میں سے ایک مشیگن ہے جہاں ریاستی عمارتوں کے گرد چھ فٹ کی دیوار بنائی گئی ہے۔ ریاست کو نیشنل گارڈز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دارالحکومت واشنگٹن کو تو ایک پنجرے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انسان تو کیا کوئی چڑیا بھی پر نہیں مار سکتی۔ 20 ہزار سے زائد فوجی موجود ہیں۔ شہر میں ہرطرف فوجی دستے موجود ہیں جبکہ شہری گھروں میں قید ہیں۔