Tuesday, May 14, 2024

امریکا کے نائب صدارتی امیدواروں مائیک پنس اور کملا ہیریس میں پہلا ٹاکرا

امریکا کے نائب صدارتی امیدواروں مائیک پنس اور کملا ہیریس میں پہلا ٹاکرا
October 8, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں ری پبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدارتی امیدواروں مائیک پنس اور کملا ہیریس کے درمیان پہلا صدارتی مباحثہ ہوا۔ امریکی ریاست یوٹاکےشہر سالٹ لیک سٹی میں امریکاکے نائب صدارتی امیدواروں میں روائتی مباحثے پر امریکیوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ ری پبلکن جماعت کےنائب صدارتی امیدوار مائیک پینس نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سےعالمی وباء کی روک تھام کی حکمتِ عملی کا دفاع کیا جبکہ ڈیمو کریٹک امیدوارکملا ہیرس نےاس کی مذمت کی اور حکومتی ناکامی قرار دیا۔ کملا ہیرس نے کہا اگر ری پبلکن صدر نے ماہرین صحت کی حمایت کے بغیر کسی ویکسین کے استعمال کرنے پر زور دیا تو وہ ایسی کوئی ویکسین استعمال نہیں کریں گی۔ مائیک پینس نے کملا ہیرس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ انسانی جانوں پر  سیاست سے گریز کریں۔ مباحثے میں مائیک پینس کےسرپربیٹھنے والی مکھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی اورسوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے شروع ہو گئے۔ دونوں امیدواروں کےدرمیان گرما گرم بحث ہوئی تاہم ادب وآداب کو ملحوظ خاطر رکھا گیا۔اس سے قبل ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اوران کےڈیموکریٹک حریف جوبائیڈن کے درمیان 29 ستمبر کو ہونے والا پہلا صدارتی مباحثہ تلخ اور تنقید سے بھر پور تھا۔