Thursday, May 9, 2024

امریکا کے بغداد ایئرپورٹ پر ایران سے منسلک دو اہداف پر فضائی حملے، آٹھ افراد ہلاک

امریکا کے بغداد ایئرپورٹ پر ایران سے منسلک دو اہداف پر فضائی حملے، آٹھ افراد ہلاک
January 6, 2020

 بغداد (92 نیوز) امریکا کے بغداد ایئرپورٹ پر ایران سے منسلک دو اہداف پر فضائی حملوں میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے میں سینئر ایرانی کمانڈر اور عراقی ملیشیا حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر اور نائب سربراہ ابو مہدی المھندس بھی مارے گئے۔

امریکا اور ایران میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی۔ ایران کے اہم ترین کمانڈر اور القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک امریکی فضائی حملے میں مارے گئے۔

حملے میں عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولر موبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس بھی ہلاک ہو گئے ۔ دونوں کی گاڑی کو ہوائی اڈے کی طرف جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔

پینٹاگون نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انھیں صدارتی حکم کے مطابق نشانہ بنایا گیا تاکہ مستقبل میں ایرانی حملوں کے منصوبوں کو روکا جا سکے ۔ ایران کی خبر رساں ایجنسی فارس پر نشر ہونے والے ایک بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر امریکی جھنڈے کی تصویر لگائی۔

جنرل سلیمانی کی ہلاکت پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں امریکی اقدام کو عالمی دہشت گردی قرار دیا ہے اور کہا کہ جنرل سلیمانی پرحملہ کر کےامریکا نےانتہائی خطرناک اور بے وقوفانہ اقدام کیا ہے۔ اپنی سرکش مہم جوئی کے نتائج کی ذمے داری امریکا خود اٹھائے گا۔