Wednesday, April 24, 2024

امریکا کے ایک اور اسکول میں فائرنگ، پاکستانی طالبہ سمیت 10طلبا ہلاک

امریکا کے ایک اور اسکول میں فائرنگ، پاکستانی طالبہ سمیت 10طلبا ہلاک
May 19, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی شہر سانٹا فے کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سمیت 10طلبا ہلاک ہوئے۔ پولیس نے سترہ سالہ حملہ آور کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے سانتافی ہائی سکول میں گھس کے ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ہر سو افراتفری مچ گئی۔ طلبا و طالبات اپنی جانیں بچانے کیلئے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ واقعے کی اطلاع ملتے پولیس کی بھاری نفری نے سکول کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران حملہ آور کو بھی حراست میں لے لیا گیا جس کے قبضے سے ایک گن کے علاوہ بارودی مواد بھی ملا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق سترہ سالہ ملزم اسی سکول کا طالبعلم ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات عشروں سے پیش آرہے ہیں۔ وہ ٹیکساس میں ہونے والے جانی نقصان پر غمزدہ ہیں۔ امریکا میں رواں برس اسکول میں فائرنگ کا پیش آنے والا یہ بیس واں واقعہ ہے۔ ادھر جاں بحق افراد میں پاکستانی طلبہ سبیکا شیخ بھی شامل ہے ۔ پاکستانی طلبہ سبیکا شیخ ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکا میں زیر تعلیم تھیں ۔ پاکستانی قونصل خانے نے سبیکا کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ۔ دوسری جانب امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے سانتا فے کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سبیکا شیخ کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُن کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔