Sunday, September 8, 2024

امریکا کے اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ مکمل ،پاکستان سے مثبت پیغام لے کرجارہے ہیں : جان مکین

امریکا کے اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ مکمل ،پاکستان سے مثبت پیغام لے کرجارہے ہیں : جان مکین
July 3, 2016
راولپنڈی(92نیوز)امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے  پاکستان کا دورہ مکمل کر لیا ہے وفد نے اپنے دورے کے دوران عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات مثبت طریقے سے آگے بڑھانے  پر اتفاق کیا ہےامریکی وفد نے بارڈر مینجمنٹ اور افغان ایشو پر پاکستانی موقف کی تائید بھی کردی ہے۔ تفصیلات کےمطابق  سینٹر جان مکین کی قیادت میں امریکی وفد نےمیران شاہ کا دورہ کیا،جہاں انھوں نے یادگار شہداء  پر پھول بھی چڑھائے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق  امریکی وفدکومیران شاہ میں آپریشن ضرب عضب پرتفصیلی بریفنگ دی گئی، وفد نے دہشت گردوں کے تباہ شدہ ٹھکانوں کا بھی دورہ کیا۔امریکی وفد نے پاک فوج کی دہشتگردوں کے خلاف کامیابیوں  اور علاقے میں بحالی کے انتظامات کو سراہا وفد نے آپریشن کے دوران دوبارہ حصہ بننے والے فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔ سابق امریکی صدارتی امیدوار اور سینیٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کے سر براہ جان مکین نے تین رکنی وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ میں وزیر اعظم کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں امریکی وفد نے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔ جان مکین نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان اور امریکہ کے مشترکہ دشمن ہیں اور اس دشمن کا مقابلہ مل کر کیا جائے گا۔ ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر پاک افغان بارڈر مینیجمنٹ، افغان مہاجرین کی وطن واپسی اورایف سولہ طیاروں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ملاقات کے بعد جان مکین نے کہا کہ پاکستان سے مثبت پیغام لے کر جا رہے ہیں۔