Sunday, September 8, 2024

امریکا کے 41 ویں صدر جارج ہربٹ واکر بش 94 برس کی عمرمیں انتقال کر گئے

امریکا کے 41 ویں صدر جارج ہربٹ واکر بش 94 برس کی عمرمیں انتقال کر گئے
December 1, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی سیاست میں نمایاں مقام رکھنے والے امریکا کے اکتالیسویں صدر جارج ہربٹ واکربش 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ہربٹ واکر بش کے اہلِ خانہ نے بھی انکی موت کی تصدیق کر دی۔ جارج ہربٹ واکر بش 12 جون 1924 کو امریکی شہر ملٹن میں بُش خاندان میں پیدا ہوئے۔ 1941 میں پرل ہاربر پر حملے کے بعد انہوں نے یونیورسٹی میں اپنی بحریہ کی تعلیم چھوڑی اور دوسری جنگ عظیم میں حصہ لیا۔ جارج بش سینئر کے نام سے جانے جانیوالے جارج ہربٹ واکر بش دوسری جنگ عظیم میں خدمات سرانجام دینے والے سب سے کم عمر پائلٹ تھے۔ جارج بش سینئر نے 1964 میں سیاست کی دنیا میں قدم رکھا اور 1967میں ٹیکساس سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ جارج بش سینئر 1971 میں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مقرر ہوئے۔  1981 میں امریکی نائب صدر کی حیثیت سے خدمات  سرانجام دیں اور 1989 کےانتخابات جیت کر امریکا کے اکتالیسویں صدر منتخب ہوئے۔ جارج ہربٹ واکر بش کے انتقال پر ان کے بیٹے جارج واکر بش کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کے بہترین والد تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے بھی انکے انتقال  پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ سابق امریکی صدر باراک اوباما نے بھی جارج ہربٹ واکر بش کے انتقال کو امریکا کیلئے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔