Sunday, May 12, 2024

امریکا کی وسطی ریاستوں میں شدید سردی،حادثات میں دو افراد ہلاک

امریکا کی وسطی ریاستوں میں شدید سردی،حادثات میں دو افراد ہلاک
January 30, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکا کی وسطی ریاستوں میں شدید سردی نے ڈیرے  ڈال لئے ، مختلف حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  دو روز کےدوران شکاگو میں  انٹارکٹکا اور سائبیریا  سے بھی زیادہ سردی ہوگی۔ امریکا کی وسط مدتی ریاستوں میں  خون جمادینے والی سردی سے نظام زندگی منجمد ہوگیا، ریاست منی سوٹا اور کولوراڈو میں اسکول اور دفاتر بند  کر دیے گئے ۔ٹریفک کا نظام بھی درہم  برہم ہوگیا۔ تین روز کے دوران  تین ہزار 480 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں کئی شہروں میں درجہ حرارت منفی 20ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ سردی کے باعث  ریاست وسکونسن اور مشی گن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سردی کی شدید لہر سے  75 فیصد عوام متاثر ہوگی ۔ بدھ اور جمعرات کے روز  ریاست الی نوائے کے شہر شکاگو میں درجہ حرارت منفی ستائیس ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا جو  انٹارکٹکا،ماؤنٹ ایورسٹ اور سائبیریا سے بھی زیادہ سرد  ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی   کہ سردی کے باعث ہائپو تھرمیا کا خطرہ موجود ہے لہذا شہری  گھروں سے باہر  جانے سے اجتناب کریں ۔