Thursday, April 25, 2024

امریکا کی میزبانی میں جمہوریت پر ورچوئل سربراہ اجلاس، پاکستان کی شرکت سے معذرت

امریکا کی میزبانی میں جمہوریت پر ورچوئل سربراہ اجلاس، پاکستان کی شرکت سے معذرت
December 8, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے امریکی میزبانی میں ہونے والی جمہوریت کانفرنس میں شرکت سے معذرت کر لی ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان فعال جمہوریت، آزاد عدلیہ، متحرک سول سوسائٹی، آزاد میڈیا کا حامل ملک ہے۔ ملک میں جمہوری اقدار کی ترقی، بدعنوانی سے لڑنے، انسانی حقوق کے تحفظ، فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں جمہوریت، انسانی حقوق، انسداد کرپشن سمیت تمام شعبوں میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کا آغاز کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ امریکہ کے ساتھ دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تعاون بڑھانا چاہتے ہیں اور بہت سے امور پر امریکا کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ مستقبل میں مناسب وقت پر جمہوریت جیسے اہم موضوع پر گفتگو ہو گی۔