Tuesday, April 23, 2024

امریکا کی مشرقی اور وسطی ریاستیں شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئیں

امریکا کی مشرقی اور وسطی ریاستیں شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئیں
July 22, 2019
نیو یارک  ( 92 نیوز ) سورج سپر پاور کو آنکھیں دکھانے لگا جس سے  امریکا کی مشرقی اور وسطی ریاستیں شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئیں ، سخت موسم سے چھ افراد ہلاک، درجنوں اسپتال پہنچ گئے، نیویارک میں بجلی کا بریک ڈاؤن بھی ہوا ، شہر میں ہیٹ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ریاست ہائے متحدہ امریکا میں سورج قہر ڈھانے لگا ،، مشرقی اور وسطی ریاستیں شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئیں ، واشنگٹن، نیویارک اور  فلاڈلفیا  میں پارہ اڑتیس ڈگری سنٹی گریڈ تک جاپہنچا ہے۔ شدید گرمی کے باعث بیس کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں ، میری لینڈ میں چار، ایریزونا اور آرکنساس میں دو افراد موسم کی سختی کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں،، جبکہ درجنوں اسپتال پہنچ گئے ہیں۔ گرمی سے بے حال افراد نے ساحل سمندر اور سوئمنگ پولز کا رخ کرلیا ہے ، شاہراہوں اور پارکوں میں پائپ کے ذریعے شہریوں پر پانی برسایا جا رہا ہے ، حکام نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سخت گرمی کے باعث نیویارک پاور بریک ڈاؤن ہوگیا ، جس سے شہر کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا ، چھیاسٹھ ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں ، میئر نیویارک نے شہر میں ہیٹ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متعدد تقریبات کو منسوخ کردیا ہے۔ ادھر فلوریڈا کے ساحلی علاقے کلیئرواٹر میں آسمانی بجلی گرنے سے آٹھ افراد زخمی ہوگئے ، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ دوسری جانب مغربی ریاست کلوراڈو میں اچانک آنے والے طوفان نے تباہی مچادی ، موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آگئیں، متعدد مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔