Saturday, April 20, 2024

امریکا کی طرف سے فنڈنگ روکنے پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا اظہار افسوس

امریکا کی طرف سے فنڈنگ روکنے پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا اظہار افسوس
April 16, 2020
 برن (92 نیوز) عالمی ادارہ صحت نے امریکا کی جانب سے فنڈنگ روکنے کو قابل افسوس قرار دے دیا۔ ممکنہ مالی خلا پُر کرنے کیلئے دیگر ممالک سے امیدیں باندھ لیں۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس آدھنم کا کہنا تھا کہ انہیں امریکی صدرکی جانب سے فنڈنگ روکنے پر افسوس ہے۔ عالمی ادارہ صحت نہ صرف کورونا بلکہ پولیو، ملیریا، ایبولا، ایڈز اور کینسر وغیرہ جیسی بہت سی بیماریوں اور مسائل سے برسرپیکار ہے۔ اس کے علاوہ انکا ادارہ مختلف ممالک میں نظام صحت کو مضبوط اور بہتر بنانے کیلئے بھی کام کر رہا ہے۔ ڈاکٹر ٹیڈروس نے مزید کہا کہ فنڈنگ معطلی کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ادارے کے معاونین اور شراکت داروں کیساتھ مل کرممکنہ مالی خلا کو پُر کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے صحت عامہ، سائنس اور دنیا بھر کے لوگوں کی بلاخوف و امتیاز خدمت کے غیرمتزلزل عزم کو بھی دہرایا۔ اس سے قبل اقوام متحدہ، یورپی یونین، چین، جرمنی،فرانس، ایران اور آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک اور اداروں کی جانب سے فنڈنگ روکنے کے امریکی فیصلے کی مذمت اور اس پر تشویش کا اظہار کیا جا چکا ہے۔