Saturday, May 18, 2024

امریکا کی سب سے کم عمر فیڈرل ٹریڈ کمشنر پاکستانی نژاد امریکی لینا خان نے حلف اٹھا لیا

امریکا کی سب سے کم عمر فیڈرل ٹریڈ کمشنر پاکستانی نژاد امریکی لینا خان نے حلف اٹھا لیا
June 17, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا کی سب سے کم عمر فیڈرل ٹریڈ کمشنر پاکستانی نژاد امریکی لینا خان نے حلف اٹھا لیا۔ امریکی سینیٹ نے اکثریت رائے سے لینا خان کے نام کی منظوری دی تھی۔

کاروباری اور تجارتی قوانین کی پاکستانی نژاد امریکی ماہر لینا خان نے سینیٹ سے نامزدگی کی منظوری کے بعد امریکہ کے فیڈرل ٹریڈ کمشنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔

32 سالہ لینا خان امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن میں شامل ہونے والی سب سے کم عمر رکن اور کمیشن کے اب تک مقرر کئے گئے رہنماؤں میں سب سے کم عمر چئیرپرسن ہیں۔ اسی وجہ سے ان پر بعض ریپبلکن حلقوں کی جانب سے اعتراض بھی کیا گیا ہے۔

امریکہ کا فیڈرل ٹریڈ کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے جس کی ذمہ داریوں میں کاروبار میں ناجائز طریقوں اور فراڈ کو روکنا اور صارفین کے حقوق کی حفاظت کرنا شامل ہیں۔ امریکی سینیٹ نے اس ہفتے لینا خان کی نامزدگی کو اکثریتی ووٹ سے منظور کیا تھا۔ اس سے قبل لینا خان کولمبیا لا سکول میں قانون کی ایسوسی ایٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔

وہ امریکہ کے ایوان نمائندگان میں اینٹی ٹرسٹ قوانین اور تجارتی اور انتظامی قوانین سے متعلق سب کمیٹی برائے انصاف کی مشیر بھی رہ چکی ہیں۔ اس کمیٹی کی وکیل کے طور پر انہوں نے ڈیجیٹل مارکیٹس پر تفتیش میں اہم کردار ادا کیا۔

لینا خان کے والدین پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں جب کہ وہ لندن میں پیدا ہوئیں۔ وہ گیارہ سال پہلے اپنے والدین کے ہمراہ 2010 میں امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے لیے آئیں اور قانون کے شعبہ میں اعلی تعلیم حاصل کی۔