Friday, April 19, 2024

امریکا کو اڈے نہیں دیں گے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا صحافی کے سوال پر جواب

امریکا کو اڈے نہیں دیں گے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا صحافی کے سوال پر جواب
July 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں صحافی کے سوال پر جواب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا امریکا کو اڈے نہیں دیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل عسکری قیادت سےملاقات ہوئی۔ ملکی  سلامتی اور باہمی  دلچسپی کے امور پر تفصیلی  تبادلہ خیال ہوا۔

چیئرمین کمیٹی برائے قومی سلامتی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس کے اعلامیے کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی  لیفٹیننٹ جنرل  فیض حمید نے شرکا کو  اہم خارجہ امور ، داخلی سلامتی اور  اندرونی چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ تنازع کشمیر اور افغانستان کی حالیہ صورتحال پر جامع گفتگو ہوئی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں اخلاص کے ساتھ نہایت مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ افغانستان کی سرحد پر 90 فیصد باڑ کا کام مکمل کر گیا گیا۔ کسٹمز اور بارڈر کنٹرول کا بھی مؤثر نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔ پاکستان افغانستان میں عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کا ہر سطح پر خیر مقدم کرے گا۔

بریفنگ کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں اراکین نے سفارشات پیش کیں۔ سیاسی و پارلیمانی قیادت نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان شریک نہ ہوئے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، اپوزیشن لیڈر  سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزرا اور  چاروں وزرائے اعلیٰ نے اجلاس میں شرکت کی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، بلاول بھٹو، سیاسی جماعتوں کے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی نے بھی اجلاس میں  شرکت کی۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور قومی سلامتی اداروں کے سربراہان اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔