Friday, March 29, 2024

امریکا کا نائن الیون حملے کے کیسز کا بہانہ بنا کر افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنے سے انکار

امریکا کا نائن الیون حملے کے کیسز کا بہانہ بنا کر افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنے سے انکار
December 15, 2021 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے طالبان حکومت کی مشکلات بڑھا دیں۔ امریکا نے نائن الیون حملے کے کیسز کا بہانہ بنا کر افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنے سے انکار کر دیا۔

 پریس بریفنگ کے دوران ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی کے مطابق افغانستان کے منجمد 10 ارب ڈالر فی الحال ریلیز کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ نائن الیون کے متاثرہ خاندانوں کے عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کے باعث منجمد اثاثے قانونی طور پر بحال نہیں کر سکتے۔ اس میں ایک سال یا اس سے زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔

ادھر ورلڈ فوڈ پروگرام کے ترجمان ٹامسن فیری نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ سال  تک خوراک کی کمی ایک المیے کی شکل اختیار کر سکتی ہے ۔ ترجمان نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 98 فیصد افغان شہری خوراک کی کمی کا شکار ہیں ۔ ہر 10 میں سے 7 خاندان ادھار لے کر گزارہ کر رہے ہیں جس سے وہ بدترین غربت میں چلے جائیں گے ۔ ہمیں اس بحران کو المیہ بننے سے روکنا ہو گا ۔

امریکا نے افغانستان کے اثاثے 15 اگست کو اشرف غنی حکومت ختم ہوتے ہی منجمد کر دئیے تھے جس سے معاشی بحران سے دو چار افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت کے لئے مزید مسائل بڑھ گئے ۔

طالبان حکومت کے امیر خان متقی نے حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ  امریکہ کو افغانستان کے منجمد فنڈز جاری کر دینے چاہئیں  تاکہ انہیں استعمال میں لا کرانسانی بحران سے بچا جا سکے ۔