Saturday, April 20, 2024

امریکا کا جنگ بندی سے متعلق پاکستان اور بھارت کے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم

امریکا کا جنگ بندی سے متعلق پاکستان اور بھارت کے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم
February 26, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے جنگ بندی سے متعلق پاکستان اور بھارت کے مشترکہ اعلامیے کا خیر مقدم کیا۔

پاک بھارت کشیدگی میں کمی آنے لگی۔ ایک بار پھر سیز فائر معاہدے پر عملدرآمد ہو گا۔ پاکستان اور بھارتی فوج کے ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنز نے ہاٹ لائن پر رابطے کے دوران بنیادی معاملات اور خدشات حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پاک بھارت رابطے میں مثبت پیشرفت پر امریکا اور اقوام متحدہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کے لئے مفید قرار دیا ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی نے کہا کہ ایل او سی پر جنگ بندی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔ خطے میں وسیع ترامن اور استحکام سب کے مفاد میں ہے۔ امریکا اس پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

دوسری جانب جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ  دونوں ممالک کے درمیان رابطے سے خطے میں امن و استحکام کی امید پیدا ہوگئی ہے جو کہ بہت ہی خوش آئند ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر  ولکان بوزکیر نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا ہے اس اقدام سے پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کی راہ مزید ہموار ہو گی۔