Saturday, April 20, 2024

امریکا کا افغانستان کے منجمد اثاثے بحال نہ کرنا افسوسناک ہے، شاہ محمود قریشی

امریکا کا افغانستان کے منجمد اثاثے بحال نہ کرنا افسوسناک ہے، شاہ محمود قریشی
December 15, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے امریکا کا افغانستان کے منجمد اثاثے بحال نہ کرنا افسوسناک ہے۔

شاہ محمود قریشی نے پروگرام صبح سویرے پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا یہی صورتحال رہی تو انسانی المیہ کوئی نہیں روک سکے گا۔ پاکستان افغانستان کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ بوجھ تنہا نہیں اٹھا سکتے، دنیا کو اپنی توجہ دینا ہو گی۔ افغانستان کی صورتحال سے پورا یورپ متاثر ہو گا۔ اقوام متحدہ، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف ہماری بات دہرا رہا ہے۔ افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ افغانستان کو انسانی مدد پہنچانا ہو گی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا افغانستان میں بینکنگ سسٹم موجود نہیں۔ افغانستان میں بارشیں نہیں ہوئیں، قحط کی صورتحال ہے۔ سرکاری ملازمین کو دینے کے لیے تنخواہیں نہیں۔ 2022 کے مڈ میں 97 فیصد افغان غربت کی لکیر کے نیچے ہوں گے۔ صرف افغانستان میں 5 فیصد عوام کو مناسب غذا مل رہی ہے۔ 95 فیصد افغان عوام کے پاس کھانے کو کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا فوری فیصلے نہ کیے گئے تو بڑا بحران آئے گا۔ پاکستان افغانستان کی صورتحال پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ معصوم بچے دیکھ رہے ہیں، ہمیں کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہمسایوں کو افغانستان کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔