Thursday, April 25, 2024

امریکا کا افغانستان کے متعلق پاکستان کے کردار پر اظہار اطمینان

امریکا کا افغانستان کے متعلق پاکستان کے کردار پر اظہار اطمینان
September 24, 2021 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) امریکا نے افغانستان کے متعلق پاکستان کے کردار پر اظہار اطمینان کیا۔

اقوام متحدہ کے 76 ویں اجلاس میں سائیڈ لائن پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی نیویارک میں اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔

شاہ محمود قریشی کی امریکا ، فن لینڈ اور جاپان کے ہم منصبوں سے ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا کے ہم منصب انتھونی جے بلنکن سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ ،تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی اور علاقائی روابط کی بنیاد پر استوار متوازن تعلقات کا خواہاں ہے۔ جنوبی ایشیا میں امن، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔

وزیر خارجہ نے فن لینڈ کے ہم منصب پیکا ہاویسٹو کیساتھ ملاقات میں کہا کہ اسلام آباد میں فن لینڈ کا سفارت خانہ دوبارہ کھلنے سے ہمارے تجارتی تعلقات وسعت پذیر ہوں گے ۔ پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا فروغ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے جاپان کے وزیر خارجہ مسٹر توشی مِٹسو موٹیجی سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے سیاسی اور معاشی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔