Friday, April 26, 2024

امریکا کا افغانستان ڈرون حملے میں داعش کے ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کرنیکا دعویٰ

امریکا کا افغانستان ڈرون حملے میں داعش کے ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کرنیکا دعویٰ
August 28, 2021 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے کابل ائیرپورٹ دھماکوں کا بدلہ لے لیا، امریکی فوج کے مطابق حملے کے داعش کے ماسٹر مائنڈ سرغنہ کو ڈرون حملے کے ذریعے ہلاک کیا گیا۔ ائیرپورٹ دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 175 تک جا پہنچی۔ امریکا نے کابل ائیرپورٹ پر مزید حملوں کا بھی خدشہ ظاہر کردیا۔ برطانیہ نے انخلا مکمل کرنے کا اعلان کردیا۔

طالبان کے افغانستان میں کنٹرول کے بعد امریکا کی جانب سے پہلا ڈرون حملہ کیا گیا جس میں داعش خراسان کے جنگجو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ہلاک داعش رکن کابل ایئرپورٹ پر حملوں کا منصوبہ ساز تھا۔

کابل ایئرپورٹ پر مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر امریکا نے اپنے شہریوں کو ایئرپورٹ نہ آنے ہدایت کردی۔ تاہم دہشتگرد حملوں کے باوجود بڑی تعداد میں شہری انخلا کیلئے کابل ایئرپورٹ کے باہر موجود ہیں۔

برطانیہ نے انخلا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سفارتخانے کا ٹویٹر اکاؤنٹ بھی بند کردیا۔

طالبان نے برطانوی سفارتخانے سے اہم دستاویزات قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسی دوران امریکا نے کابل ایئرپورٹ پر واقعہ سی آئی اے کا دفتر دھماکے سے اڑا دیا۔ دفتر میں موجود دستاویزات اور دیگر سامان راکھ کا ڈھیر بن گئے۔

افغان خبر ایجنسی کے مطابق کابل ایئرپورٹ کا کچھ حصہ اب طالبان کے کنٹرول میں آچکا ہے۔ طالبان ترجمان نے شہریوں کو سرکاری املاک، گاڑیاں اور اسلحہ فوری جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔