Friday, April 26, 2024

امریکا کا آئندہ ہفتے افغانستان سے 4 ہزار فوجیوں کی واپسی کا اعلان

امریکا کا آئندہ ہفتے افغانستان سے 4 ہزار فوجیوں کی واپسی کا اعلان
December 15, 2019
واشنگٹن (92 نیوز) افغانستان میں امن کی نوید پیدا ہو گئی، ٹرمپ انتطامیہ اگلے ہفتے 4 ہزار امریکی فوجیوں کی واپسی کا اعلان کرنے والی ہے، امریکی میڈیا نے بڑا دعویٰ کر دیا۔ جنگ و جدل اور زخموں سے چور چور افغانستان میں امن کے دیے روشن ہونے کا امکان پیدا ہو گیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں فوجیوں کی تعداد میں کمی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں اس وقت 12 سے 13 ہزار کے درمیان امریکی فوجی موجود ہیں اور 4 ہزار فوجیوں کی واپسی کے بعد تعداد 8 سے 9 ہزار کے درمیان رہ جائے گی۔ 4 ہزار امریکی فوجیوں کی واپسی کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے لیکن انخلاء میں کچھ مہینے لگ سکتے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس سال کے آغاز میں صدر ٹرمپ اپنے مشیروں پر یہ بات واضح کر چکے ہیں کہ وہ نومبر 2020 کے الیکشن تک تمام امریکی فوجیوں کا افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آ رہا ہے جب امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان کے ساتھ دوبارہ سے مذاکرات کا آغاز کیا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہائوس اور پینٹاگون نے خبر پر تبصرے سے انکار کیا ہے۔