Friday, April 26, 2024

امریکا کا 244 واں جشنِ آزادی کورونا اور نسل پرستی کیخلاف احتجاج میں منایا گیا

امریکا کا 244 واں جشنِ آزادی کورونا اور نسل پرستی کیخلاف احتجاج میں منایا گیا
July 5, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا کا دو سو چوالیس واں یوم آزادی کورونا وائرس اور نسل پرستی کے احتجاج کے سائے میں انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا، شاندار آتش بازی سے آسمان رنگ و نور سے بھرگیا،، صدر ٹرمپ نے خطاب میں بائیں بازو کے انتہاپسندوں کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ امریکا کو آزادی کو دو سو چوالیس سال ہو گئے، اس بارجشنِ آزادی کورونا وائرس اور نسل پرستی کے خلاف احتجاج کے سائے میں نئے انداز میں منایا گیا۔ وائٹ ہاؤس میں مرکزی تقریب ٹونٹی ٹونٹی سیلوٹ ٹو امریکا کا اہتمام کیا گیا، جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے علاوہ اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت شریک ہوئی۔ صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا امریکا کسی کو اپنے شہری تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دے گا، انہوں نے بائیں بازو کے انتہاء پسندوں کو شکست دینے کے عزم کا بھی اظہارکیا۔ مرکزی تقریب میں شاندار ایئر شو بھی پیش کیا گیا، جس کا آغاز ایئرفورس ون کی سلامی سے ہوا، پیراشوٹرزنے قومی پرچم کےساتھ چھلانگ لگانے کا مظاہرہ کیا، امریکی پرچم کے رنگوں پر مبنی فائر ورکس نے بھی سیلوٹ ٹو امریکا کو رنگا رنگ کرڈالا۔ امریکا بھرمیں پچیس مئی سے جاری احتجاج یوم آزادی پر بھی نہ تھما، رات بارہ بجتے ہی جونہی فائر ورکس شروع ہوا، متعدد مقامات پر کچھ دیر کیلئے احتجاج روکا بھی گیا۔ تاہم سیاہ فام افراد کے خلاف پولیس گردی پر مظاہرین کا غصہ کسی طور کم ہونے میں نہیں آرہا، واشنگٹن میں ٹرمپ کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔