Friday, April 26, 2024

امریکا چینی درآمدات پر نئے ٹیرف عائد نہ کرنے پر رضا مند

امریکا چینی درآمدات پر نئے ٹیرف عائد نہ کرنے پر رضا مند
June 30, 2019
 اوساکا (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیرف عائد نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ چین کو اضافی ٹیرف کی دھمکیاں دینے والے ٹرمپ نے جاپان کے شہر اوساکا میں جاری جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے دوسرے روز چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات میں چینی درآمدات پر نئے ٹیرف عائد نہ کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی احترام، برابری کی بنیاد پر تجارتی مذاکرات کے دوبارہ آغاز پر رضامندی کا بھی اظہار کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ امریکا چین کے ساتھ مناسب ڈیل کرنے کیلئے تیار ہے۔ اپنی پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے چینی موبائل کمپنی ہواوے پر لگائی پابندی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے اعلان کیا کہ امریکی کمپنیاں ہواوے کو اپنی ٹیکنالوجی بیچ سکتی ہیں۔ امریکہ نے پچھلے ماہ ہواوے پر پابندیوں کا اعلان کیا تھا جس سے دونوں ملکوں میں ٹیکنالوجی کی سرد جنگ کا امکان تھا۔ دوسری جانب چین کی موبائل کمپنی کو نشانہ بنانے والے امریکہ کی سب سے بڑی کمپنی ایپل پریشانی کا شکار ہو گئی ہے۔ اس کے مشہور و معروف آئی فون کے ڈیزائنر سر جوناتھن المعروف سر جانی ایو ایپل کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ برطانوی نژاد سر جانی ایو نے ئی میک، آئی پوڈ اور آئی فون کو ڈیزائن کیا ہے جبکہ سر ایو کا ایپل کو چھوڑنے کا فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایپل کے سرمایہ کار پہلے ہی کمپنی کی ریٹیل چیف اینجلا ایہرنڈٹس کے کمپنی چھوڑنے کے اعلان سے پریشان ہیں۔