Sunday, September 8, 2024

امریکا پوری دنیا نہیں‘ عالمی سطح پر ملنے والی تعریف نے بھارت کو مغرور بنا دیا : چین

امریکا پوری دنیا نہیں‘ عالمی سطح پر ملنے والی تعریف نے بھارت کو مغرور بنا دیا : چین
June 30, 2016
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین نے بھار ت کو نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت نہ ملنے پر چین کے خلاف نکتہ چینی کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مغرب کا لاڈلہ بچہ ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ملنے والی تعریف نے بھارت کو مغرور بنا دیا ہے۔ بھارتی حمایت کی امریکی پالیسی کا مقصد دراصل چین کے گرد دائرہ تنگ کرنا ہے۔ امریکا پوری دنیا نہیں۔ بھارت امریکا کی حمایت حاصل کرکے یہ نہ سمجھے کہ پوری دنیا کی حمایت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیﺅل میں نیوکلیئر سپلائرز گروپ این ایس جی کے اجلاس میں بھارت کی رکنیت کی درخواست قبول نہیں کی جاسکی اور فی الحال یہ درخواست ہی ہے۔ بھارت نے اس کے لیے بالواسطہ طور پر چین کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور اس کے بعد بھارت میں سیاسی جماعتوں اور میڈیا کی جانب سے چین پر نکتہ چینی کی گئی۔ بھارت کے الزامات پر چین کے سرکاری اخبار ”گلوبل ٹائمز“ نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ این ایس جی کے تمام ارکان نے این پی ٹی پر دستخط کیے ہیں۔ یہ اس تنظیم کا بنیادی اصول ہے۔ بھارت این پی ٹی پر دستخط کیے بغیر این ایس جی میں شامل ہوکر پہلا استثنیٰ لینا چاہتا ہے لیکن یہ چین اور دیگر رکن ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اصولوں کی حفاظت کے لیے بھارت کی تجویز کو مسترد کر دیں۔ بھارت کے عزائم کی امریکی حمایت نے سب سے زیادہ حوصلہ افزائی کی ہے۔ بھارت کو حمایت دینے کی امریکہ کی بھارت نواز پالیسی کا مقصد دراصل چین کے گرد دائرہ تنگ کرنا ہے۔ امریکہ پوری دنیا نہیں ہے۔ اس کی حمایت کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بھارت نے پوری دنیا کی حمایت حاصل کر لی۔