Thursday, March 28, 2024

امریکا پاکستان کی طرح کورونا وائرس کنٹرول کرتا تو 10 ہزار ارب ڈالر بچ سکتے تھے ، لیری سمرز

امریکا پاکستان کی طرح کورونا وائرس کنٹرول کرتا تو 10 ہزار ارب ڈالر بچ سکتے تھے ، لیری سمرز
October 19, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) پوری دنیا کورونا کےخلاف وزیر اعظم عمران خان کی حکمت  عملی کی معترف ہونے لگی  ۔ امریکا کے سابق وزیر خزانہ اور ہارورڈ یونیورسٹی کے سابق سربراہ لارنس ایچ سمرز کی کورونا کیخلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  اگر امریکا پاکستان کی طرح کورونا وائرس کو کنٹرول کرتا تو 10 ہزار ارب ڈالر بچائے جا سکتے تھے۔

عالمی ادارہ صحت، بین الاقوامی میڈیا اور بل گیٹس کے بعد امریکا کے سابق وزیر خزانہ کی جانب سے بھی کورونا وبا کیخلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کی تعریف کی جا رہی ہے ۔ امریکا کے 71 ویں وزیر خزانہ، ہارورڈ یونیورسٹی کے سابق صدر اور معروف ماہر معیشت لیری سمرز کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے سبب امریکی معیشت کو 16 ٹریلین ڈالر یعنی 16 ہزار ارب ڈالر سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے ، جس میں جی ڈی پی کا براہ راست نقصان 7590 ارب ڈالر اور ہیلتھ سیکٹر سے متعلقہ نقصان ساڑھے 8 ہزار ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

لیری سمرز نے ٹرمپ انتظامیہ کو پاکستان سے سبق سیکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اگر امریکا کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے کم از کم پاکستان جیسی حکمت عملی اپناتا تو 10 ہزار ارب ڈالر بچائے جا سکتے تھے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ کورونا وائرس کیخلاف پاکستان کی حکمت عملی کو عالمی پذیرائی حاصل ہوئی ہے بلکہ اس سے قبل عالمی ادارہ صحت، بین الاقوامی میڈیا اور بل گیٹس بھی پاکستانی حکومت کی تعریف کر چکے ہیں۔