Wednesday, May 22, 2024

امریکا نے یورپی یونین کی مصنوعات پر اضافی ٹیرف عائد کر دیا

امریکا نے یورپی یونین کی مصنوعات پر اضافی ٹیرف عائد کر دیا
October 3, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکا   کی تجارتی جنگ یورپ تک پھیل گئی ، ٹرمپ انتظامیہ نے یورپی یونین کی سات ارب پچاس کروڑ ڈالر مالیت کی مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ دنیا بھر میں تجارتی محاذ آرائی نے شدت اختیار کر لی، ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن نے پندرہ سال پرانے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے امریکا کو یورپی یونین کی مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنے کی اجازت دے دی۔ امریکا نے دو ہزار چار میں  ڈبلیو ٹی او میں ایئربس کو غیر قانونی سبسڈی دینے پر یورپی یونین کے خلاف کیس دائر کیا تھا۔ امریکی ٹریڈ مندوب کا کہنا ہے کہ سات ارب پچاس کروڑ ڈالر کی مصنوعات پر ٹیرف کا نفاذ اٹھارہ اکتوبر سے ہوگا۔ امریکی حکام کے مطابق طیاروں پر دس فیصد اور زرعی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف عائد ہو گا۔ اس اقدام سے فرانس،جرمنی، برطانیہ اوراسپین زیادہ متاثر ہونگے۔ صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیو ٹی او کے فیصلے کو امریکا کیلئے بڑی کامیابی قرار دیا ہے، دوسری جانب یورپی یونین نے امریکا پر جوابی  ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔