Thursday, April 25, 2024

امریکا نے کابل سے غیرضروری سفارتی عملہ واپس بلا لیا

امریکا نے کابل سے غیرضروری سفارتی عملہ واپس بلا لیا
April 28, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے کابل سے غیرضروری سفارتی عملہ واپس بلا لیا۔ فیصلہ بڑھتے تشدد اور دھمکیوں کے تناظر میں کیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی افواج کے انخلا کے تناظر میں لاحق خطرات کی وجہ سے کابل میں قائم اپنے سفارتخانے کے عملے سے کہا ہے کہ وہ ملازمین جو کسی اور جگہ سے اپنا کام انجام دے سکتے ہیں، انہیں کابل چھوڑ دینا چاہیے۔

اُدھر امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ اگر طالبان یا کوئی اور گروپ، انخلا کی تیاریوں میں مصروف امریکی یا نیٹو افواج کو نشانہ بناتا ہے، تو ان سے نمٹنے کیلئے امریکی فوج کے منصوبہ سازوں کے پاس بہت سے آپشن موجود ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں امریکی شہریوں کو افغانستان کا سفر نہ کرنے کا انتباہ بھی جاری کیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد اور باغی گروپوں کی جانب سے حملے، اغوا کرنے، یرغمال بنانے سمیت وسیع پیمانے پر عسکری کارروائیوں کا خطرہ ہے۔

ادھر افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ طالبان نے پچھلے کچھ مہینوں کے دوران افغانستان میں عوامی املاک پر حملوں سے  ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے  ترقیاتی منصوبوں کی ایک افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ طالبان پلوں کو  تباہ کر رہے ہیں ، اگر وہ افغانستان کی تعمیر میں کوئی حصہ نہیں لے سکتے تو  املاک کو نقصان بھی نہ پہنچائیں۔