Thursday, April 25, 2024

امریکا نے ڈرون حملے کی اطلاع بعد میں دی‘ حملے پر احتجاج کیا: وزیراعظم

امریکا نے ڈرون حملے کی اطلاع بعد میں دی‘ حملے پر احتجاج کیا: وزیراعظم
May 22, 2016
لندن (ویب ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ملا اختر منصور کی ہلاکت کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی۔ امریکا نے ڈرون حملے کے بعد اطلاع دی جس پر احتجاج کیا۔ سیاستدانوں کو الزامات سے پہلے گریبان میں جھانک لینا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آج لندن پہنچے تو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ آنے کا مقصد طبی معائنہ ہے‘ جلسے قبل ازوقت الیکشن کی تیاری نہیں۔ امریکی وزیرخارجہ کا رات کے وقت ٹیلی فون آیاتھا۔ انہوں نے ڈرون حملے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ ڈرون حملوں پر پاکستان کو تحفظات ہیں اور یہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ملا اختر منصور کی ہلاکت کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی۔ پاک افغان سرحد پر مرنے والے ولی محمد کا شناختی کارڈ ملا ہے جس سے پتا چلا کہ وہ قلعہ عبداللہ کا رہائشی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے قومی اسمبلی میں بہت تفصیل سے باتیں بتائیں۔ فیکٹری دبئی اور جدہ میں کب لگائی سب تفصیلات بتا دیں۔ پاناما پر شور مچانے والوں کے اپنے پول کھل گئے ہیں۔ دوسروں پر الزام لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ پرویز مشرف کے دور میں ہمارا بے رحمانہ احتساب کیا گیا۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ قرضے معاف کرانے والا تو دیوالیہ ہوتا ہے۔ ہمارے یہاں قرضے معاف کرانے والے آج 10گنا زیادہ امیر ہیں۔ جب سے سیاست میں آئے ہیں کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ ماضی میں قرضے سیاسی بنیادوں پر معاف کرائے گئے۔