Friday, March 29, 2024

امریکا نے پاکستان کی فوجی معاونت معطل کردی

امریکا نے پاکستان کی فوجی معاونت معطل کردی
January 5, 2018

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے پاکستان کی فوجی معاونت معطل کردی۔ پاکستان کو دیا جانے والا فوجی ساز وسامان بھی روکنے کا اعلان کر دیا گیا۔ دونوں ملکوں کےتعلقات میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔

امریکا نے پاکستان پر ایک اور وار کیا ہے۔ دہشتگردوں کیخلاف کارروائی نہ کرنے کا الزام لگا کر پاکستان کی فوجی معاونت روکنے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدر نوریٹ نے اپنی پریس بریفنگ میں پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردوں کو پناہ دیئے ہوئے ہے۔ انکے خلاف موثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔

ترجمان محکمہ خارجہ نے الزام لگایا کہ دہشتگردوں کو پناہ دینے اور انکے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر پاکستان کی تمام سکیورٹی معاونت روکی جارہی ہے۔ پاکستان کودیئے جانے والے فوجی ساز و سامان کی رسدبھی بند کی جا رہی ہے۔

ہیدر نوریٹ نے روایتی امریکی منافقت سے کام لیتے ہوئے پاکستان کی تعریف بھی کی اور کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں وہ اہم اتحادی اور دونوں ملک مل کر بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔

امریکا پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے لیکن امداد دوبارہ حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائیاں اور ملک سے انکے ٹھکانے ختم کرنا ہونگے۔