Thursday, May 2, 2024

امریکا نے پاکستان کی 255 ملین ڈالرز کی امداد روکنے کا فیصلہ کرلیا

امریکا نے پاکستان کی 255 ملین ڈالرز کی امداد روکنے کا فیصلہ کرلیا
January 3, 2018

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے پاکستان کی دو سو پچپن ملین ڈالرز کی امداد روکنے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان وائٹ ہاؤس سارا سینڈرز نے الزام عائد کیا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف اقدامات کرسکتا ہے لیکن کرنہیں رہا۔ پاکستان پر دباؤ بڑھانے کیلئے جلد مزید اقدامات کریں گے۔ جبکہ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نےالزام لگایا کہ پاکستان کئی سالوں سے ڈبل گیم کھیل رہا تھا۔

امریکا کی جانب سے پاکستان کیخلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس سارا سینڈرزنے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا امریکا جانتا ہے کہ پاکستان انسداد دہشتگردی کیلئے مزید اقدامات کرسکتا ہے لیکن وہ اپنے وعدے پورے نہیں کررہا، اسے امریکا سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرنے چاہیے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کی امداد سے متعلق تمام آپشنز کھلے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

سارہ سینڈرز نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مخصوص اقدامات کی تفصیلات آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں سامنے آجائیں گی۔

ادھراقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی دو سو پچپن ملین ڈالرز کی امداد روک رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امداد روکنے کا تعلق فلسطین پر قرارداد سے نہیں بلکہ دہشتگردوں کو پناہ دینے سے ہے۔ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے کہیں زیادہ تعاون چاہتا ہے۔

نکی ہیلی نےالزام لگایا کہ پاکستان نے کئی سالوں سے ڈبل گیم کھیلی جو امریکا کو کسی طور پر قبول نہیں۔

امریکی مندوب نے ہزرہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے ساتھ کام بھی کرتا ہے لیکن دوسری طرف دہشت گردوں کو پناہ بھی دیتا ہے جو افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملےکرتے ہیں۔