Thursday, May 9, 2024

امریکا نے پاکستان کو ورچوئل عالمی موسمیاتی کانفرنس کے ایک سیشن میں مدعو کر لیا

امریکا نے پاکستان کو ورچوئل عالمی موسمیاتی کانفرنس کے ایک سیشن میں مدعو کر لیا
April 20, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے پاکستان کو ورچوئل عالمی موسمیاتی کانفرنس کے ایک سیشن میں مدعو کر لیا۔ وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے دعوت نامہ ملنے کی تصدیق کر دی۔

پاکستان کا احتجاج قدرے رنگ لایا۔ امریکا نے آخری لمحات میں پاکستان کو عالمی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی۔ وزیراعظم کے مشیر موسمیاتی تغیر کو امریکی صدر کے مشیر جان کیری کا دعوت نامہ موصول ہو گیا۔ ملک امین اسلم نے دعوت نامہ ملنے کی تصدیق کر دی تاہم پاکستان کی اعلی قیادت کو امریکا نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سربراہ اجلاس کے وزراء سیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں وہ موسمیاتی تغیر سے نمٹنے، بلین ٹری منصوبے سمیت کلین گرین منصوبوں پر شرکا کو آگاہ کریں گے۔

 امریکی صدر کی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے بنگلہ دیش، بھارت سمیت 40 ممالک کے سربراہان کو دعوت دی ہے۔ امریکی میزبانی میں تین روزہ ورچوئل عالمی موسمیاتی کانفرنس 22 تا 24 اپریل منعقد ہو گی۔