Friday, April 26, 2024

امریکا نے پاکستان میں قید اپنے پانچ شہریوں کی حوالگی کیلئے وزارت خارجہ سے رابطہ کرلیا

امریکا نے پاکستان میں قید اپنے پانچ شہریوں کی حوالگی کیلئے وزارت خارجہ سے رابطہ کرلیا
April 25, 2015
اسلام آباد(92نیوز)امریکا نے پاکستان میں قید اپنے پانچ شہریوں کی حوالگی کیلئے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے، پانچوں امریکی دہشتگردی کے جرم میں سنٹرل جیل سرگودھا میں قید ہیں، مشرف دور میں شہریوں کی حوالگی پر واویلا کرنے والی نون لیگ کی حکومت القاعدہ کے اہم کمانڈر کو بھی امریکہ کے حوالے کر چکی ہے ۔ تفصیلات کےمطابق پرویز مشرف دور میں شہریوں کی امریکہ حوالگی پر شور مچانے والی نون لیگ اب خود اسی امتحان سے دوچار ہے۔ جس نے پہلے امریکی حکومت کی درخواست پر  2010 کے فوجی آپریشن کے دوران جنوبی وزیر ستا ن سے گرفتار کئے گئے القاعدہ کے اہم کمانڈر محمد فرخ کو امریکا کے حوالے کیا ،محمد فرخ کو رواں ماہ کے شروع میں خصوصی امریکی طیارے کے ذریعے امریکا بھجوایا گیا ہے۔ اور اب امریکہ کی جانب سے دہشتگردی کے جرم میں قید کی سزا کاٹنے والے اپنے 5 شہریوں کی حوالگی کا نیا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ امریکا نے کہا ہے کہ اسکے پانچوں شہریوں کو اس کے حوالے کیا جائے امریکا خود انہیں اپنے مقامی قوانین کے مطابق سزا دے گا وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے وزارت خارجہ کو ایک مراسلے کے ذریعے مطالبے سے آگاہ کیا جبکہ وزارت خارجہ نے امریکی مراسلہ وزارت داخلہ کے حوالے کر دیا ہے۔ جس کے بعد وزارت داخلہ  کیس کا جائزہ لے رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق  جن  امریکیوں کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہےانہیں  2009میں سرگودھا کینٹ سے گرفتار کیا گیا اور سرگودھا کی انسداد دہشتگری کے عدالت نے انہیں دس ، دس سال قید اورجرمانے کی سزا سنائی۔ جن میں عمر فاروق، رامے ،زم زم، وقار حسین ، احمد عبداللہ مانی اور عمان حسن یامرشامل ہیں۔ امریکہ کیساتھ پاکستان کا مجرمان کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں لیکن گزشتہ حکومتوں میں متعدد افراد امریکہ کے حوالے کئے جا چکے ہیں ۔