Sunday, May 19, 2024

امریکا نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح کر دیا

امریکا نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح کر دیا
May 15, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے عالمی تنقید کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے سفارتخانے کا افتتاح کر دیا۔ دنیا کے ایک سو اٹھائیس ممالک کی ناراضگی بھی امریکا کو اپنے فیصلے نہ روک سکی۔ مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح کردیا گیا۔ فلسطین بھر میں امریکی اقدام کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ غزہ کی سرحد پر چالیس ہزار سے زائد فلسطینی جمع ہوئے جنہیں کچلنے کیلئے اسرائیلی فورسز  نےحسب روایت طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا۔ ڈرونز کے ذریعے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اندھا دھند فائرنگ سے پچاس سے زائد مظاہرین شہید جبکہ چوبیس سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کے علاوہ صحافیوں اور امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ بیت اللحم میں بھی سیکڑوں فلسطینیوں نے امریکی فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔ اسرائیلی فورسز اور مظاہرین کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔ دو ہزار چودہ کے بعد یہ فلسطینی تاریخ کا خونی ترین روز ہے جب اتنی تعداد میں شہادتیں ہوئیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ۔