Saturday, April 27, 2024

امریکا نے فلسطین کے مغربی کنارے میں قائم یہودی آباد کاری قانونی قرار دیدی

امریکا نے فلسطین کے مغربی کنارے میں قائم یہودی آباد کاری قانونی قرار دیدی
November 19, 2019
غزہ (92 نیوز) امریکا نے ایک بار پھر اسرائیل کے آگے گھٹنے ٹیک دیے ، مغربی کنارے میں قائم یہودی آبادکاریوں کو قانونی قرار دے دیا، ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کیخلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی جاری رکھتے ہوئے فردو نیوکلیئر پاور پلانٹ کو پابندیوں پر دی جانے والی رعایت ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے سابقہ حکومتوں کی  یہودی بسیتوں سے متعلق پالیسی تبدیل کرتے  ہوئے اِسے قانونی قرار دے دیا ، وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اب اسرائیلی آباد کاریوں کو بین الاقوامی قوانین کے متصادم نہیں سمجھتا،یہ  فیصلہ زمینی حقائق اور تاریخ کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی اقدام کا خیر مقدم کیا جبکہ فلسطین کے اعلیٰ مذاکرات کار صائب ارکات نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسِے عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیا۔ اسرائیل نے 1967میں مغربی کنارے کی وادی اردن پر قبضہ کرتے ہوئے یہودی بستیاں قائم کی تھیں،ایک اندازے کے مطابق ان بستیوں میں سات لاکھ سے زائد یہودی آباد ہیں ۔ اسی پریس کانفرنس کے دوران  وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران کے  فردو نیوکلیئر پاور پلانٹ کو  پابندیوں پر دی جانے والی رعایت ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔۔جس کا نفاذ پندرہ دسمبر سے ہوگا۔ ایران نے حال ہی میں فردو پاور پلانٹ سے یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کی تھی ۔ مائیک پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ  امریکا ،،ایران میں جاری مظاہروں پر نظر رکھے ہوئے ہے،ایرانی حکومت  اپنے لوگوں پر تشدد کا استعمال بند کرے اور انٹرنیٹ سروس فوری بحال کرے ۔