Saturday, April 27, 2024

امریکا نے فائزر کی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دیدی

امریکا نے فائزر کی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دیدی
December 12, 2020

واشنگٹن (92 نیوز) فائزر کی تیار کردہ کورونا ویکسین مؤثر قرار دیدی گئی، امریکا نے بھی فائزر کی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ویکسین کے حصول کو طبی کرشمہ قرار دیدیا۔

امریکا میں بھی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی گئی، یو ایس اے میں ویکسین کے استعمال کی منظوری وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے 10 ماہ اور 20 دن بعد دی گئی ہے۔ویکسین کی پہلی خوراک 24 گھنٹے کے اندر لگا دی جائے گی۔

امریکی ڈرگ ریگولیٹر ایف ڈی اے نے فائزر اور بائیو این ٹیک کی تیارکردہ کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی، ویکسین 16 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد پر استعمال کی جائے گی، سب سے پہلے طبی عملے اور نرسنگ ہوم میں مقیم افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

کورونا ویکسین کی منظوری کی خبر امریکی صدر نے اپنے ویڈیو پیغام میں دی، ڈونلڈ ٹرمپ نے بےحد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سائنس کی تاریخ میں عظیم ترین کامیابیوں میں سے ایک ہے، امریکی قوم کےساتھ یہ طبی کرشمہ ہوا ہے، ویکسین لاکھوں زندگیاں بچائے گی اور عالمی وبا کو بالکل ختم کردے گی۔

امریکا میں کورونا وبا سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے، اب تک ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد امریکی کورونا وائرس سے متاثر جبکہ 3 لاکھ سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔